اسلام آباد:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی سب کمیٹی کے اجلاس میں زنا کے مجرم کو 25 سال قید یا سزائے موت کی تجویز کی مخالفت کی گئی۔
اجلاس کی صدارت سینیٹر ثمینہ ازہری نے کی، جس میں پی پی سی میں ترمیم کے بل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ بل سینیٹر محسن عزیز نے پیش کیا تھا، جس میں زنا بالجبر کے ملزمان کی سزا بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔ترمیمی بل میں زنا کے مجرم کو کم از کم 25 سال قید یا سزائے موت دینے کی تجویز شامل تھی، جس پر وزارت قانون کے حکام نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کی مخالفت کی اطلاع دی۔ چیئرپرسن کمیٹی نے بتایا کہ سندھ حکومت نے بھی اس بل کی مخالفت کی ہے اور تجویز کردہ سزا کو ایبسرڈ قرار دیا ہے۔
اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ ہم نے جی ایس پی کو جواب دیا ہے کہ ہم سزائے موت نہیں دے رہے ہیں۔ تاہم، کمیٹی کی چیئرپرسن نے کہا کہ بلوچستان اور پنجاب نے اس بل کی حمایت کی ہے۔سینیٹر محسن عزیز نے اس موقع پر کہا کہ زنا کے مجرم کو 25 سال یا پھر باقی زندگی جیل میں گزارنی چاہیے۔ آخرکار سب کمیٹی نے سینیٹر محسن عزیز کے ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔