آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کل Kolkata میں جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں فائنل تک رسائی کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
جنوبی افریقا ایونٹ میں ناقابلِ شکست ٹیم کے طور پر سیمی فائنل میں داخل ہو رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں اس نے نیوزی لینڈ، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور کینیڈا کو شکست دی، جبکہ سُپر ایٹ مرحلے میں بھارت، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کو ہرایا۔ مسلسل کامیابیوں کے باوجود جنوبی افریقا پر ماضی میں ناک آؤٹ مقابلوں میں دباؤ کا شکار ہونے کا لیبل لگا رہا ہے، اور یہی پہلو اس سیمی فائنل میں بھی زیرِ بحث ہے۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم متوازن کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ گروپ مرحلے میں اس نے تین میچز جیتے، جبکہ سُپر ایٹ میں ایک کامیابی حاصل کی، ایک میچ ہارا اور ایک بے نتیجہ رہا۔
کیوی ٹیم کی خاص بات اس کے مضبوط آل راؤنڈرز ہیں، جن میں ڈیرل مچل، گلین فلپس، مچل سینٹنر، میک کونچی اور چیپمین شامل ہیں، جو بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔یہ مقابلہ اعصاب کی جنگ ثابت ہو سکتا ہے، جہاں جنوبی افریقا اپنی ناقابلِ شکست فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی، جبکہ نیوزی لینڈ بڑی ٹیموں کے خلاف اپنے مضبوط اعصاب اور متوازن اسکواڈ کے ذریعے اپ سیٹ کرنے کا ہدف رکھے گی۔