سہ ملکی سیریز کے آغاز سے قبل لاہور میں ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔
سیریز کا پہلا میچ کل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جو لاہور کے نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم میں دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔یہ سنگل لیگ ٹورنامنٹ ہوگا، جس میں ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف ایک بار کھیلے گی۔ پیر 10 فروری کو نیوزی لینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقا سے ہوگا، جبکہ دوسرا مرحلہ کراچی منتقل ہوگا، جہاں 12 فروری کو پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا فائنل 14 فروری کو ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان ہوگا۔تمام میچز ٹین اسپورٹس، پی ٹی وی اسپورٹس اور اے اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے، جبکہ پاکستان میں تماشہ، مائیکو اور ٹیپمیڈ پر لائیو اسٹریمنگ بھی دستیاب ہوگی۔
ٹورنامنٹ کی اہمیت
یہ ٹورنامنٹ تینوں ٹیموں کے لیے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاری کا بہترین موقع فراہم کرے گا، جو 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے شروع ہوگی۔
کپتانوں کے بیانات
پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ وہ ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں اور چیمپئنز ٹرافی سے قبل بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے لاہور میں اچھی ٹریننگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف مقابلے کے منتظر ہیں۔ جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باوما نے سہ ملکی سیریز کو آئی سی سی ایونٹ سے پہلے وارم اپ کا بہترین موقع قرار دیا۔جنوبی افریقی ٹیم لاہور پہنچ چکی ہے اور ہفتے کو پہلا ٹریننگ سیشن کرے گی۔