مخالفین کو سمجھ نہیں آرہی پنجاب میں ترقی کیسے ہو رہی ہے مریم نواز

آگ لگادو،گھسیٹو ، سوشل میڈیا پر جھوٹ کا بازار گرم ہے، سچ تسمے باندھ رہا ہوتا ہے جھوٹ پوری دنیا کا چکر لگا کر آگیا ہوتا ہے
 تمام بچوں کو لیپ ٹاپس  اورمفت ای بائیکس  ملیں گی:وزیراعلی کا ڈیرہ غازی خان میں سکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب 

ڈیرہ غازی خان(آئی این پی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے  ہم 9 مئی والے نہیں 28 مئی والے ہیں، ہم ملک کے رکھوالے ہیں، تذلیل کی زبان ان کو مبارک ہو،ہم تدریس کی زبان والے ہیں، ہم ڈنڈا بردار نہیں ہیں،ہم علم کے علمبردار ہیں۔ پیر کو ڈیرہ غازی خان میں سکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج ہونہار سکالر شپس کا آخری ڈویژن ہے، سکالر شپس کی تقسیم آج ختم ہوجائے گی، بہت جلد لیپ ٹاپس اور ای بائیکس لیکر آپ کے پاس آئوں گی، چاہتی ہوں بچے اچھی سواری پر کالج اور یونیورسٹی جائیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں بھی گئی بچوں نے مجھے بہت پیار دیا، مخالفین کو سمجھ ہی نہیں آرہی کہ یہ کیا ہوگیا ہے، مخالفین کچھ کہنے کی وجہ تلاش کررہے ہیں، مخالفین ٹی وی پر کہہ رہے تھے چند بچوں کو اکٹھا کرکے سکھایا ہوتا ہے، ان کا قصور نہیں انہوں نے جھوٹ میں آنکھ کھولی، مخالفین جھوٹ میں ہی پلے بڑھے، مخالفین کو نہیں پتا بچوں اورمیرے درمیان محبت کا کیسا رشتہ ہے۔چاہتی ہوں ہر بچہ سر اٹھا کر فخر سے چلے کہ سکالر شپ ملا ہے، پاکستان کی 65فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اللہ نے پاکستان کو وسائل کی دولت سے مالامال کیا ہوا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگلے چند سالوں میں نوجوان ہی پاکستان کا جھنڈا تھام کر فیصلے کریں گے، آپ میں سے ہر بیٹا اور بیٹی پاکستان ہے، آپ میں سے ہر بچہ پاکستان کی اڑان میں حصہ ڈالے گا، آپ کے پاس ایک ایسی وزیراعلی ہے جو وزیراعلی سے بڑھ کر آپکی ماں ہے، تمام بچوں کو لیپ ٹاپس،مفت ای بائیکس بھی ملیں گی