کرناٹکا کے علاقے یادگیر میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں دورانِ ڈرائیونگ ٹرک ڈرائیور کو اچانک دل کا دورہ پڑ گیا، جس کے نتیجے میں ٹرک بے قابو ہو کر متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک شاہ پور سے کالبرگی کی طرف جا رہا تھا۔ اچانک ڈرائیور کی طبیعت بگڑنے سے گاڑی تیز رفتاری سے بے قابو ہوگئی اور راستے میں کئی گاڑیوں اور ایک کھمبے سے جا ٹکرائی۔حادثے کے نتیجے میں 32 سالہ سبزی فروش محمد علی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ ٹرک ڈرائیور زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور حادثے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔