ایران کا امریکا اور اسرائیل کو سخت انتباہ، کسی بھی حملے کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے

ایران کا امریکا اور اسرائیل کو سخت انتباہ، کسی بھی حملے کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے

ایران نے امریکا اور اسرائیل کو اہم انفراسٹرکچر پر ممکنہ حملوں کے حوالے سے سخت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے اور ہر اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ کے اعلیٰ کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ جارحیت کر کے بچ نکلنے کا دور ختم ہو چکا ہے اور غلط اندازوں پر مبنی کسی بھی کارروائی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی اب یہ جان چکے ہیں کہ کسی بھی فوجی مہم کی قیمت چکانی پڑ سکتی ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران کے پاس نہ صرف دفاعی صلاحیت موجود ہے بلکہ کسی بھی ممکنہ حملے سے نمٹنے کے لیے واضح حکمتِ عملی اور جامع منصوبہ بھی تیار ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ نئے حملوں کی تیاری کا حکم دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل ایران کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے منصوبے پر غور کر رہے ہیں اور ممکنہ کارروائی اس ہفتے کے دوران کسی بھی وقت کی جا سکتی ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران پر وعدوں سے انحراف اور غلط بیانی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے کے امکانات پر ان کا اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے۔تاحال امریکا یا اسرائیل کی جانب سے ممکنہ حملوں سے متعلق ان رپورٹس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔