سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وزیرِ توانائی ناصر شاہ نے چینی آٹو موبائل کمپنی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں ای وی (الیکٹرک وہیکل) گاڑیوں کے لیے چارجنگ پوائنٹس لگانے کی منصوبہ بندی پر بات چیت ہوئی۔
چینی کمپنی نے سندھ میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ انفراسٹرکچر فراہم کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے تاکہ صوبے میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں ہر 50 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک ای وی چارجنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا تاکہ الیکٹرک گاڑیوں کے مالکان کو آسان اور موثر سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ منصوبہ سندھ میں صاف توانائی کے استعمال اور پائیدار ترقی کے لیے اہم قدم ہے، جس سے نہ صرف آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ جدید ٹیکنالوجی کو بھی فروغ ملے گا۔وزراء نے اس تعاون کو سندھ میں صنعتی ترقی اور ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے خوش آئند قرار دیا۔