سوات، بونیر اور شانگلہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے

سوات، بونیر اور شانگلہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے

ویب ڈیسک: سوات، بونیر، شانگلہ سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس سے شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.1 اور گہرائی 22 کلومیٹر تھی، جبکہ اس کا مرکز بٹ خیلہ سے 6.5 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔ذرائع کے مطابق زلزلے کے بعد لوگوں نے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر پناہ لی۔ تاہم، فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

زلزلے کیوں آتے ہیں؟
زلزلے ایک قدرتی آفت ہیں جن کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں پر مشتمل ہے: یوریشین، انڈین، اور اریبین پلیٹ۔ جب زمین کے اندرونی حصے میں حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس حرکت کرتی ہیں، جس کے نتیجے میں زمین ہلتی ہے اور زلزلہ آتا ہے۔پاکستان زلزلوں کے حوالے سے دنیا کا پانچواں حساس ترین ملک ہے، کیونکہ اس کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر واقع ہے۔ خاص طور پر کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، مکران، ایبٹ آباد اور چترال جیسے علاقے زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جو علاقے پہلے بڑے زلزلے کا سامنا کر چکے ہیں، وہاں مستقبل میں دوبارہ شدید زلزلے آنے کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔