بلاول بھٹو وفاقی حکومت پر عدم اعتماد
پی پی پی رہنمائوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف صوبوں کے ساتھ کی جانے والی یقین دہانیوں پر ہونے والی پیش رفت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ، قانون سازی پر بھی بریفنگ، پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس میں اہم فیصلوں کا امکان
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کے صوبائی گورنرز اور وزرائے اعلیٰ نے صوبوں کے ساتھ کی جانے والی وفاقی حکومت کی یقین دہانیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلاول ہائوس کراچی میں اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر، خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی، سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، بلوچستان کے وزیراعلیٰ میرسرفراز بگٹی اور پی پی پی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا اور شرکا نے وفاقی حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی روشنی میں اب تک کی پیش رفت سے پارٹی چیئرمین کو آگاہ کیا۔اجلاس کے شرکا نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو حکومت کی جانب سے آئندہ ہونے والی قانون سازی سے متعلق بھی بریفنگ دی۔پی پی پی رہنمائوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف صوبوں کے ساتھ کی جانے والی یقین دہانیوں پر ہونے والی پیش رفت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کے ساتھ اپنے رابطوں کو مزید تیز کریں تاکہ جب پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہو تو اس میں ان رابطوں پر مثبت نتیجہ سامنے رکھا جاسکے۔