(پارلیمانی رابطوں کا فروغ ناگزیر) بنگلہ دیش کیساتھ تمام شعبوں میں تعلقات مستحکم کریں گے(شہبازشریف)

 بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر سے میری ہمیشہ انتہائی خوشگوار ملاقاتیں رہی ہیں‘ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ جاری رہنا چاہیے:وزیراعظم کی سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات میں گفتگو
 ملک میں ایس ایم ایز کی ترقی سے برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں:وزیراعظم کااجلاس سے خطاب 
 اسلام آباد(آئی این پی )و  زیراعظم شہباز شریف سے قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے ملاقات کی اور  وزیراعظم کو حالیہ دورہ بنگلہ دیش پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں پارلیمانی امور، پی ٹی آئی سے مذاکرات اور اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔سپیکر ایاز صادق نے دورہ بنگلہ دیش کو سفارتی لحاظ سے انتہائی کارآمد اور مفید قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کو بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے مختصر ملاقات پر بریفنگ دی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ جے شنکر نے خود میری نشست پر آ کر ملاقات کی اور اپنا تعارف بھارتی وزیر خارجہ کے طور پر کرایا۔ اس موقع پر میں نے بھی ان سے احوال دریافت کیا۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی وزیر خارجہ سے یہ مختصر ملاقات 6 یا 7 سیکنڈ کی تھی۔ جے شنکر نے ان سے آ کر مصافحہ کیا اور اپنا تعارف کرایا۔ایاز صادق نے وزیراعظم کو بتایا کہ جے شنکر کی جانب سے ان کی نشست پر آ کر مصافحہ کرنا میرے لئے  حیران کن رہا۔ وہ پوری تیاری اور منصوبہ بندی سے مجھ سے ملاقات کے لئے  آئے تھے۔ بھارتی وزیر خارجہ سے غیر رسمی ملاقات کے دوران انتہائی محتاط رویہ اختیار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایاز صادق کو بنگلہ دیش کا مثبت دورہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مستحکم کریں گے۔وزیراعظم کا  کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر سے میری ہمیشہ انتہائی خوشگوار ملاقاتیں رہی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ ناگزیر ہے۔دریں اثناء شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں ایس ایم ایز کی ترقی سے برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے سمیڈا کے بزنس پلان کے حوالے سے اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت  منعقد ہوا، جس میں  چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے آئندہ 3 سال کا روڈ میپ پیش کیا گیا۔وزیراعظم نے قابل عمل اور موثر پلان تشکیل دینے پر معاون خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کے نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کی پذیرائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی ترقی سے ملکی برآمدات میں اضافے کی بھرپور استعداد موجود ہے۔