ویب ڈیسک: دنیائے کرکٹ کے بادشاہ ویرات کوہلی نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا، جب انہوں نے 7 اپریل کو ہونے والے آئی پی ایل میچ کے دوران ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کرلیے۔
اس کے ساتھ ہی وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بھارتی بیٹر بن گئے ہیں۔ویرات کوہلی کو یہ ریکارڈ بنانے کے لیے آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں 17 رنز کی ضرورت تھی، جسے انہوں نے بخوبی پورا کیا۔کوہلی نے 403 ویں ٹی ٹوئنٹی میچ کی اپنی 386 ویں اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا، جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں 13 ہزار رنز بنانے والے دوسرے تیز ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ کرس گیل نے یہ ریکارڈ اپنی 381 ویں اننگز میں بنایا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 13 ہزار رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست:
کرس گیل (ویسٹ انڈیز) – 381 اننگز
ویرات کوہلی (بھارت) – 386 اننگز
ایلکس ہیلز (انگلینڈ) – 474 اننگز
شعیب ملک (پاکستان) – 487 اننگز
کیرون پولارڈ (ویسٹ انڈیز) – 594 اننگز
اب تک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کل پانچ بیٹرز نے 13 ہزار یا اس سے زائد رنز بنائے ہیں، جن میں ویرات کوہلی کا نام ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔