اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، آٹا، چینی اور گڑ مزید مہنگے

اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، آٹا، چینی اور گڑ مزید مہنگے

اوپن مارکیٹ میں اشیائے خور و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

 شہریوں نے مہنگائی اور گرانفروشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔شہریوں کے مطابق نجی کمپنیوں کا معیاری 5 کلوگرام آٹے کا تھیلا 930 سے 1030 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے باعث محدود آمدنی والے خاندانوں کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔اسی طرح گرم مصالحہ جات کے ساتھ ساتھ چینی اور گڑ کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں چینی 320 سے 340 روپے فی کلوگرام جبکہ گڑ 300 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہا ہے، جس سے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ بڑھ گیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید کو متاثر کر رہی ہیں، جبکہ مہنگائی کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔عوام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹوں میں قیمتوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے، گرانفروشی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔