اسرائیلی رکن پارلیمنٹ اوفر کاسف کی فلسطینیوں کی حمایت پر معطلی

اسرائیلی رکن پارلیمنٹ اوفر کاسف کی فلسطینیوں کی حمایت پر معطلی

ویب ڈیسک:اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسیٹ) نے بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے رکن اوفر کاسف کو غزہ جنگ اور فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھانے پر چھ ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔ اوفر کاسف نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کا الزام لگانے والی جنوبی افریقی تحریک کی حمایت کی تھی، جس پر انہیں یہ سزا سنائی گئی۔
کنیسیٹ کی اخلاقیات کمیٹی نے متفقہ طور پر اوفر کو معطل کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔ کمیٹی نے کہا کہ اوفر نے کئی مواقع پر فلسطینیوں کی حمایت کی ہے۔ اس سے پہلے اوفر نے ایک ٹویٹ میں اسرائیلی فوج کے خلاف لڑنے والے فلسطینیوں کو حریت پسند قرار دیا تھا اور بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کی نسل کشی کے خلاف جنوبی افریقہ کی تحریک کی حمایت کی تھی۔ اوفر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث ہیں اور اسرائیلی فوج غزہ میں نسل کشی کر رہی ہے۔اس معطلی کے نتیجے میں اوفر کاسف کو کنیسیٹ کے کسی بھی اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی اور وہ پارلیمنٹ سے خطاب نہیں کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ، ان کی تنخواہ دو ہفتے کے لیے روک لی جائے گی۔