سامراجیت و صہیونیت کے ظالمانہ کردار کو روکنا ہوگا:ساجد نقوی

 آج عالمی سطح ،غزہ ، لبنان، شام کو جبکہ پاکستان میں پارا چنار کو انسانی یکجہتی کی ضرورت ہے،بیان 
راولپنڈی /اسلام آبا د(آئی این پی)قائد ملت جعفریہ پاکستان علا مہ ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ عالمی انسانی یکجہتی کیلئے سامراجیت و صہیونیت کے ظالمانہ کردار کو روکنا لازم ہے، انسانی یکجہتی، احترام انسانیت کی سب بڑی اور سنگین خلاف ورزیاں غزہ، لبنان، شام میں ہوئیں مگر افسوس حکمران سامراج وصہیونیت کی خود سری کے سامنے بے بس و لاچار ہیں، آج عالمی سطح پر، مشرق وسطیٰ میں پاکستان میں کُرم پارا چنار کو سب سے زیادہ انسانی یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی انسانی یکجہتی کے یوم پر اپنے پیغام میں کیا ۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہاکہ انسانی یکجہتی کیلئے اولین اصول انصاف، مساوات اور امن ہیں ، آج انسانی یکجہتی کوسب سے زیادہ خطرات خود انسانوں کے بنائے گئے نظام سے ہیں ، دنیا میں یکجہتی کیلئے ایسا عادلانہ نظام ضروری جو تمام انسانوں کے حقوق کا نہ صرف تحفظ کرے اور انہیں امن و سلامتی بھی فراہم کرے ،2005ء سے انسانی یکجہتی کا دن منایا جارہاہے مگر افسوس اکیسویں صدی میں بھی گذشتہ صدیوں کے جاری مظالم، جنگیں اور قبضے اسی انداز میں بل کہ اس سے زیادہ خطرناک انداز میں انسانیت کو درپیش ہیں، دنیا میں امن کی کنجی صرف اور صرف یکجہتی ہے۔