پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا دارومدار اتحاد و یکجہتی میںپنہاں :لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم

 ملک میں ایسے نظام عدل کی ضرورت جو غریب اور امیر کی تفریق سے بالا تر ہو کر فیصلے کرے، خطاب 
فیصل آباد(آئی این پی )سابق سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم  نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے ،اس کی ترقی و خوشحالی کا دارومدار قومی اتحاد اور ملکی یکجہتی کے حصول میں پنہاںہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے یونی ورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں طلبا اور اساتذہ کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے یونی ورسٹی کے تعاون سے کیا تھا ۔اس کی صدارت یونی ورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سرور خان نے کی جبکہ جنرل (ز)عبدالقیوم مہمان خصوصی تھے ۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کا حل بات چیت اور امن سے ممکن ہے ، وطن عزیز کی خوشحالی کا دارومدار ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر قومی اتحاد اور ملکی یکجہتی کے حصول میں مضمر ہے ۔ اس کیلئے ملک میں ایک ایسے نظام عدل کی ضرورت ہے جو غریب اور امیر کی تفریق سے بالا تر ہو کر فیصلے کرے ،بے گناہوں کو تضحیک اور سزائوں سے بچائے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دے ۔ ان کا کہناتھا کہ  اس سلسلے میں سیاسی مقدمات سے اجتناب بہت ضروری ہے ۔