وزیراعظم کی مبارکباد لیفٹیننٹ جنرل عامر رضاکی قیادت میں قومی سلامتی، دفاعی استعداد اور سٹریٹجک امور مزید مستحکم ہوں گے:شہبازشریف
اسلام آباد ( آن لائن) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف، لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، ستارہ بسالت، کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں ملک کی اسٹریٹجک صلاحیتوں کی نگرانی کرنے والے اہم ادارے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل عامر رضا کو ترقی اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، وسیع عسکری تجربے اور قائدانہ کردار سے اس اہم قومی ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھائیں گے۔وزیراعظم نے جنرل عامر رضا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں قومی سلامتی، دفاعی استعداد اور اسٹریٹجک امور مزید مستحکم ہوں گے۔جنرل عامر رضا اس سے قبل چیف آف جنرل اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور انہیں پاک فوج کے تجربہ کار اور پیشہ ور افسران میں شمار کیا جاتا ہے۔