میڈیا آج کے دور میں کنگ میکر ہے، جس کو اچھا بنا دے وہ اچھا جسے برا بنا دے وہ برا ہے
مسائل کا حل بات چیت سے ممکن ہے ، گالی گلوچ اور فساد اس ملک کا مقدر نہیں:تقریب سے خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ترقی پذیر ممالک کیلئے آبادی میں اضافہ ایک بڑا چیلنج ہے، آبادی میں اضافے سے متعلق میڈیا لوگوں میں آگاہی پیداکرسکتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، میڈیا آج کے دور میں کنگ میکر ہے، میڈیا جس کو اچھا بنا دے وہ اچھا جسے برا بنا دے وہ برا، میڈیا کو لوگوں کو آگاہی دینے کی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔ ملک میں سوشل ایشوز کو اجاگر کیا جانا چاہئے، بہت سے اسلامی ممالک اپنے ملک میں فیملی پلاننگ کر رہے ہیں، کم سن بچیوں کی شادی پر پابندی سب سے پہلے پنجاب حکومت نے لگائی‘ دیکھنا ہوگا کیا ہم اپنے وسائل کے مطابق لوگوں کو کوالٹی لائف دے سکتے ہیں یا نہیں، کوئی بھی حکومت تنہا کچھ نہیں کرسکتی، مل کرمسائل حل کرنا ہونگے۔ خواتین کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت یقینی بنا رہے ہیں، گالی بدتمیزی مار دو جلادو اس ملک کا مقدر نہیں ہے، ہمیں اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے، پاکستان میں معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا مسائل کا حل بات چیت سے ہی ممکن ہے ، گالی گلوچ اور فساد اس ملک کا مقدر نہیں ۔ غربت کے خا تمے کے لئے آباد ی پر کنٹرول ا نتہائی اہم ہے ۔ بڑھتی آبادی سارے ذرائع کھا جاتی ہے ۔