آبادی کنٹرول کرنے کیلئے کونسل قائم‘ وزیراعظم چیئرمین مقرر فیلڈ مارشل ارکان میں شامل ہوں گے

چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ‘ وزیراعلیٰ گلگت بلتستا ن اور   وفاقی وزراء کو بھی کونسل میں شامل کیا گیا ہے
نیشنل پاپولیشن کونسل کا بنیادی مقصد ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کیلئے  مؤثر، مربوط اور دیرپا قومی پالیسی مرتب کرنا ہے
 اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی حکومت نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے اور مؤثر قومی پالیسی مرتب کرنے کے لیے 16 رکنی نیشنل پاپولیشن کونسل تشکیل دے دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق  وزیراعظم  کونسل کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ  چیف آف ڈیفنس فورسز  اور آرمی چیف  بھی کونسل کے ارکان میں شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی کونسل کے رکن ہوں گے۔کونسل میں وفاقی وزراء￿  برائے خزانہ، منصوبہ بندی، صحت، تعلیم، قانون، اطلاعات اور مذہبی امور کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ آبادی سے متعلق پالیسی سازی میں تمام متعلقہ اداروں کی نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل پاپولیشن کونسل کا بنیادی مقصد ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے ایک مؤثر، مربوط اور دیرپا قومی پالیسی مرتب کرنا ہے۔ کونسل آبادی پر قابو پانے کے حوالے سے قومی اتفاقِ رائے پیدا کرنے، عوامی حمایت حاصل کرنے اور وفاقی و صوبائی سطح پر جاری اقدامات میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے بھی سفارشات اور عملی اقدامات کرے گی۔