ٹانک : فورسز کاآپریشن‘ انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت 7 خوارج ہلاک

خارجی علی رحمان عرف مولانا طہ سواتی فتنتہ الخوارج کے اہم سرغنہ مفتی فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا
 ٹانک (آئی این پی ) سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنتہ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت سات خوارج کو ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 17 اور 18 دسمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کامیاب آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ علی رحمان عرف مولانا طہ سواتی  کو ہلاک کردیا گیا جب کہ کامیاب آپریشن کے دوران 7 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خارجی علی رحمان عرف مولانا طہ سواتی فتنتہ الخوارج کے اہم سرغنہ مفتی فضل اللہ کا قریبی ساتھی تھا، اس دہشت گرد نے 2010 میں ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیارکی، یہ شوری کااہم سرغنہ تھا اور سرغنہ قاری امجد عرف مفتی مزاحم کا قریبی ساتھی تھا۔  آپریشن کے دوران ایک خارجی نے گھر میں داخل ہوکر کمرے میں دو بچوں کو یرغمال بنایا، دہشت گرد نے فرار ہونے کے لیے خاتون کا لباس پہن لیاتھا، خارجی نے دونوں بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنیکی مذموم کوشش کی تاہم فورسز دونوں بچوں کی بحفاظت بازیاب کرایا اور خارجی کو بھی جہنم واصل کردیا