پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے دوران مشکل حالات میں ٹیم کو ہمت نہ ہارنے اور بھرپور مقابلہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات اس وقت کہی جب سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ انگلینڈ آنے والی اب تک کی سب سے کمزور ترین پاکستانی ٹیم ہے۔رمیز راجا نے کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا پاکستان ٹیم اپنی ہمت اور جذبہ دکھاتے ہوئے فائٹ بیک کرے گی۔ انہوں نے باور کرایا کہ ٹیم کو اپنی قابلیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ تنقید کرنے والوں اور دنیا کو غلط ثابت کیا جا سکے۔واضح رہے کہ ہیڈنگلے میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی برتری مزید مضبوط کی۔ میزبان ٹیم نے دن کا اختتام 8 وکٹوں کے نقصان پر 366 رنز بنا کر کیا، جس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 195 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
انگلینڈ نے دوسرے دن کا آغاز 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز سے کیا تھا، مگر تقریباً چار گھنٹے کی بارش کے باعث کھیل متاثر ہوا۔ اس کے باوجود میزبان بیٹرز نے بھرپور محنت سے کھیل جاری رکھا اور پاکستان کو مشکلات میں ڈال دیا۔رمیز راجا نے ٹیم پر زور دیا کہ وہ اس مشکل صورتحال کا ڈٹ کر مقابلہ کرے اور میدان میں اپنی فائٹ کا مظاہرہ کرے تاکہ شکست کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔