ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: مائیکل وان نے نیوزی لینڈ کو مضبوط فیورٹ کیوں قرار دیا؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: مائیکل وان نے نیوزی لینڈ کو مضبوط فیورٹ کیوں قرار دیا؟

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کامیابی کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مضبوط فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

 کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس بار کیویز ٹیم ٹرافی اپنے نام کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ اسی تناظر میں سابق انگلش کرکٹر مائیکل وان نے بھی نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک مضبوط امیدوار قرار دے دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مائیکل وان نے کہا کہ"نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت سکتا ہے، اس کے پاس کھلاڑیوں کا ایک مضبوط اور متوازن گروپ موجود ہے۔"دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اس وقت بھارت کے دورے پر موجود ہے، جہاں کیوی ٹیم نے میزبان بھارت کو اس کی سرزمین پر 2-1 سے ون ڈے سیریز میں شکست دی۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز کل ناگپور میں ہوگا۔واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں ہو رہا ہے۔ اس میگا ایونٹ میں نیوزی لینڈ ٹیم گروپ ڈی میں افغانستان، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میدان میں اترے گی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ کیوی ٹیم کی قیادت مچل سینٹنر کریں گے، جبکہ اسکواڈ میں فن ایلن، مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، ڈیون کانوے، جیکب ڈفی شامل ہیں۔دیگر کھلاڑیوں میں لوکی فرگوسن، میٹ ہینری، ایڈم ملنے، ڈیرل مچل، جیمی نیشم، گلین فلپس، رچن رویندرا، وکٹ کیپر بیٹر ٹم سیفرٹ اور اش سودھی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ماہرین کے مطابق نیوزی لینڈ کی موجودہ فارم، متوازن اسکواڈ اور بڑے ٹورنامنٹس میں مسلسل بہتر کارکردگی اسے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک سنجیدہ دعوے دار بناتی ہے۔