مائیکل وان کا آئی پی ایل کو اہمیت دینے پر انگلش کرکٹ بورڈ پر شدید ردعمل

مائیکل وان کا آئی پی ایل کو اہمیت دینے پر انگلش کرکٹ بورڈ پر شدید ردعمل

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے انگلش کرکٹ بورڈ (ECB) پر آئی پی ایل کو زیادہ اہمیت دینے کے معاملے پر سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ قومی کرکٹ کو فرنچائز لیگز کے مقابلے میں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

ایک ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مائیکل وان نے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کے فیصلے پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ اہم ٹیسٹ سیریز قریب ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں کھیلنے کی اجازت دینا تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انگلش کرکٹ بورڈ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان کچھ معاملات طے ہیں، جن کے تحت بعض کھلاڑیوں کو فرنچائز کرکٹ جاری رکھنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔وان نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی سینٹرل کنٹریکٹ رکھنے والا کھلاڑی قومی ذمہ داری کو چھوڑ کر لیگ کرکٹ کو ترجیح دے سکتا ہے۔ ان کے مطابق قومی ٹیم کی نمائندگی ہمیشہ پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے برسوں سے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ اور سہولیات فراہم کی ہیں، اس لیے قومی ٹیم کی ذمہ داری کو فرنچائز کرکٹ پر فوقیت ہونی چاہیے۔مائیکل وان کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل جیسے ٹورنامنٹس مالی اور پیشہ ورانہ لحاظ سے کھلاڑیوں کے لیے اہم ہیں، لیکن ٹیسٹ کرکٹ کو کسی صورت پیچھے نہیں دھکیلا جا سکتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر انگلینڈ چاہتا ہے کہ کھلاڑی آئی پی ایل کھیلیں تو پھر بین الاقوامی شیڈول اس طرح ترتیب دیا جانا چاہیے کہ کسی قسم کا ٹکراؤ نہ ہو۔واضح رہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 جون سے شروع ہونا ہے، جبکہ اسی دوران کچھ کھلاڑیوں کی فرنچائز وابستگیوں پر بحث جاری ہے۔