انمول عرف پنکی کی تین مقدمات میں بریت کے خلاف پراسیکیوشن کی اپیل تیار

انمول عرف پنکی کی تین مقدمات میں بریت کے خلاف پراسیکیوشن کی اپیل تیار

کراچی میں ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی تین مقدمات میں بریت کے خلاف پراسیکیوشن نے اپیل تیار کرلی ہے۔

پراسیکیوٹر جنرل سندھ اور دیگر حکام کو منظوری کے لیے اپیل کا ڈرافٹ ارسال کردیا گیا ہے، جس کے منظور ہونے کے بعد سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی جائے گی۔اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا فیصلہ اصولوں کے خلاف اور جلد بازی میں سنایا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ 13 اگست کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی، مگر ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر گواہوں کو نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ عدالت نے اسی دن پراسیکیوٹر کو بھی نوٹس جاری کیا، لیکن شام کو ہی ملزمان اور پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی میں بریت کا فیصلہ سنایا گیا۔

اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالتی نوٹس کے بعد پراسیکیوٹر کو کم از کم 24 گھنٹے کا وقت ملنا چاہیے تھا، اور فرد جرم کے بعد پراسیکیوٹر کو مقدمہ مکمل کرنے کا موقع دینا لازم تھا، جو کہ نہیں دیا گیا۔مزید یہ کہ عدالت نے کسی گواہ کو بھی طلب نہیں کیا، اس لیے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، اور انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کی بریت منسوخ کی جائے۔