وفاقی حکومت کی جانب سے ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے ستارہ امتیاز کے لیے دو بار نام مسترد ہونے کا انکشاف

وفاقی حکومت کی جانب سے ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے ستارہ امتیاز کے لیے دو بار نام مسترد ہونے کا انکشاف

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار فہد مصطفیٰ کو ستارہ امتیاز دینے کے لیے دو مرتبہ نامزد کیے جانے کے باوجود، وفاقی حکومت کی جانب سے ان کے نام منظور نہ کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

سندھ کے وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، "محکمہ ثقافت سندھ نے دونوں فنکاروں کے نام دو مختلف مواقع پر ستارہ امتیاز کے لیے تجویز کیے تھے۔ یہ نام معروف شخصیات پر مشتمل کمیٹی کی سفارشات پر کیے گئے تھے، مگر وفاقی سطح پر ان ناموں کو ایوارڈ کے لیے منتخب نہیں کیا گیا، اور اس کی وجہ بھی واضح نہیں ہے۔"انہوں نے سوال اٹھایا کہ، "پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں نمایاں خدمات کے باوجود، ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو قومی سطح پر اعزاز کیوں نہیں دیا گیا؟"

سید ذوالفقار علی شاہ نے مزید کہا کہ، "صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت اور خلیجی ممالک میں بھی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملک کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کیا ہے۔"انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ، "فنکاروں اور ثقافتی شعبے کو زیادہ اہمیت دی جائے اور ملک کا نام روشن کرنے والی شخصیات کی قومی سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے۔"