پاکستانی اداکارہ زویا ناصر نے شادی سے متعلق اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے میزبان اور اداکار فہد مصطفیٰ سے دلچسپ انداز میں اپیل کر دی، جس کے بعد ان کی گفتگو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔
زویا ناصر حال ہی میں اداکار احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی، شوبز کیریئر اور دیگر موضوعات پر کھل کر بات چیت کی۔پوڈکاسٹ کے دوران شادی کے حوالے سے سوال پر زویا ناصر نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں شادی کرنی ہے تو اس کے لیے یا تو انہیں اداکار عثمان مختار کے ساتھ کام کرنا ہوگا یا پھر فہد مصطفیٰ کے مقبول گیم شو ’جیتو پاکستان‘ میں شرکت کرنا پڑے گی۔زویا ناصر کے اس دلچسپ جواب پر احمد علی بٹ نے ہنستے ہوئے فہد مصطفیٰ کو مخاطب کیا اور کہا کہ زویا کو ’جیتو پاکستان‘ میں ضرور مدعو کیا جائے۔اس موقع پر اداکارہ نے بھی فہد مصطفیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے شو میں بلایا جائے۔
انہوں نے گفتگو کو مزید دلچسپ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد اور معروف مصنف ناصر ادیب جیسی نہیں ہیں، جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ فہد مصطفیٰ کو پسند نہیں کرتے۔زویا ناصر اور احمد علی بٹ کے درمیان ہونے والی یہ ہلکی پھلکی گفتگو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے، جہاں مداح اداکارہ کے مزاحیہ انداز کو پسند کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ زویا ناصر پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور مختلف ڈراموں اور پروجیکٹس میں اپنی اداکاری کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔