کراچی کو ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا مرکز بنانے کا بڑا منصوبہ

کراچی میں زونگ کا جدید اے آئی ڈیٹا سینٹر بنانے کا فیصلہ،  18 ارب  کی سرمایہ کاری ہوگی
کراچی(آئی این پی) شہر قائد کو ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا بڑا مرکز بنانے کا بڑا منصوبہ سامنے آ گیا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے زونگ چائنا موبائل پاکستان (CMPak) کے اعلی سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں کراچی میں زونگ کے AI-Ready ٹائر-III ڈیٹا سینٹر کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سندھ حکومت اور سی ایم پاک نے منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کرنے پر اتفاق کیا۔وزیراعلی سندھ نے کراچی میں جدید ڈیٹا سینٹر کے قیام کے لیے زونگ کو مکمل تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت اور نوجوانوں کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔