ستھرا پنجاب ورکر کو ہر ماہ 5 تاریخ سے قبل ادائیگی کا حکم، بروقت ادائیگی نہ کرنیوالوں کے خلاف سخت اور فوری قانونی کارروائی کی جائیگی
ستھرا پنجاب آپریشنز میں کرپشن اور کوتاہی برتنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، مرکزی سڑکوں پر گندگی سے بھرے ویسٹ انکلیوژر افسوسناک ہیں
ایم ڈی واسا روزانہ2 گھنٹے فیلڈ میں جائیں‘ اپنے علاقوں میںصفائی برقرار رکھنے والے شہریوں کو گفٹ اور سرٹیفکیٹ دیئے جائینگے:وزیراعلی پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے عوام کی محنت اور خون پسینے کی کمائی کو رشوت اور کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔لاہور میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہم آپ کے گریبانوں تک پہنچیں گے، کیونکہ قوم کا جو بھی پیسہ ہے وہ عوام کی محنت اور خون پسینے کی کمائی ہے، اسے رشوت اور کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔وزیراعلی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور ان پر کھربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، ان منصوبوں میں کسان کارڈ، اپنی چھت اپنا گھر سکیم، سڑکوں کی تعمیر، میٹرو منصوبے، گرین بسیں اور ٹرین سسٹم سمیت مختلف شعبوں میں انفراسٹرکچر کی ترقی شامل ہے۔دریں اثناء مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب ورکر کو ہر ماہ پانچ تاریخ سے پہلے ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر 151 میں سے 149 ستھرا پنجاب کمپنی کے ورکرزکو ادائیگی مکمل کر لی گئی۔ستھرا پنجاب ورکرز کو بروقت ادائیگی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اور فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے، کمرشل اور رہائشی علاقوں میں ہر ماہ صفائی برقرار رکھنے والوں کو انوائرمنٹ فرینڈلی سٹیزن سٹیکر دیا جائے گا، صفائی برقرار رکھنے والے شہریوں کو وزیراعلی مریم نواز شریف کی طرف سے گفٹ /سرٹیفکیٹ ملے گا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ایم ڈی واساز کو روزانہ خود 2 گھنٹے فیلڈ میں جانے کا حکم دیا اور ٹی ایم او اور ایف ایم او کو روزانہ کم از کم 5 یوسی وزٹ کرنے اور صفائی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں ستھرا پنجاب اینٹی لٹرنگ سکواڈ متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ای بائیک پر سوار اینٹی لٹرنگ سکواڈ روڈز، گلی محلوں اور بازاروں میں مانیٹرنگ کریں گے، ستھراپنجاب ورکرز کے لئے مری کی طرز پر گاربیج بیگ ہمراہ رکھنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔