پیرا فورس کی ہر کارروائی اب باڈی کیم کے ذریعے مکمل ریکارڈ ہوگی‘ باڈی کیمرے جلد نصب کئے جائیں‘ اہلکاروں کیلئے خصوصی ٹریننگ سیشنز کا آغاز کیا جائے گا
پیرا فورس مجموعی طور پر اچھا کام کر رہی ہے‘قانون ہر حال میں نافذ ہو، مگر عوام کے ساتھ رویہ ہمیشہ درست، باوقار اور مہربان ہونا چاہیے:وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر) پنجاب میں قانون کی سختی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اہلکاروں کے عوام دوست رویے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پیرا فورس کے لیے اہم اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح پیغام دہرا دیا قانون ہر حال میں نافذ ہو، مگر عوام کے ساتھ رویہ ہمیشہ درست، باوقار اور مہربان ہونا چاہیے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پیرا فورس کی کارکردگی، نگرانی، شکایات کے ازالے اور اصلاحاتی اقدامات پر مکمل بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں شفافیت مزید بڑھانے کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ پیرا فورس کی ہر کارروائی اب باڈی کیم کے ذریعے مکمل ریکارڈ ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر تمام متعلقہ محکموں کو باڈی کیمرے جلد از جلد نصب کرنے کا حکم دے دیا ہے۔اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ پیرا اہلکاروں کے رویے، پروفیشنلززم اور ذمہ دارانہ عوامی خدمت کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی ٹریننگ سیشنز کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں سٹیٹ آف دی آرٹ پیرا ٹریننگ سینٹر کے قیام کی اصولی منظوری بھی دے دی۔مزید برآں، عوام کو تیز، محفوظ اور ماحول دوست سہولت کی فراہمی کے لیے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا فورس کے لیے الیکٹرک وہیکلز فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں، جسے جدید اور مؤثر آپریشنز کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا پیرا فورس مجموعی طور پر اچھا کام کر رہی ہے، تاہم نتائج اور عوامی نیک نامی میں اضافہ تبھی ممکن ہے جب ہر اہلکار عوام کو عزت، احترام اور سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنے والے ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں، اس لیے فورس کو اپنے کردار میں مزید بہتری لانی ہوگی۔