آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کی روشنی میں اقدامات کر رہے ہیں، طویل مدتی توانائی سکیورٹی ضروری ہے
وزیرِ اعظم نے ایک کمیٹی بنائی ہے جو ہر 2 ماہ بعد توانائی کی صورتِ حال کا جائزہ لیتی ہے:وزیر پٹرولیم
اسلام آباد(آئی این پی )وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے فیول کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بدلتی ہیں میں صرف عملدرآمد کرتا ہوں، آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کی روشنی میں اقدامات کر رہے ہیں، توانائی کے شعبہ میں خود کفالت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، پاکستان کی طویل مدتی توانائی سیکیورٹی یقینی بنانا ضروری ہے ، آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد طویل المدتی اور میڈیم انرجی پالیسی پر کام کیا، وزیرِ اعظم نے ایک کمیٹی بنائی ہے جو ہر 2 ماہ بعد توانائی کی صورتِ حال کا جائزہ لیتی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر پٹرولیم نے کہا ہے کہ مجھ پر تنقید کرنے والے کہتے ہیں روز قیمتیں بدلتا ہوں، میں قیمتیں نہیں بدلتا، عالمی مارکیٹ میں ہر جمعے کو قیمتیں تبدیل نہیں ہوتیں۔علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ مجھے کتنی محبت یا نفرت سے نوازا جاتا ہے، فرق اس بات سے پڑتا ہے کہ آج کے ان فیصلوں سے مستقبل میں کیا حاصل ہو گا، توانائی کے شعبے میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں، توانائی میں خود کفالت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، پاکستان کی طویل مدتی توانائی سیکیورٹی یقینی بنانا ضروری ہے۔