نئے فارمولے کے تحت پٹرول 15 روپے سستا ہوسکتا ہے: علی پرویز ملک اب تک27ارب کا ریلیف دے چکے ہیں:عطاء تارڑ

ریفائنریز نے تین ماہ کے دوران اتنا منافع کمایا جو اس سے پہلے برسوں میں نہیں کمایا تھا‘آج  ریفائنریز کیساتھ بات ہوگی‘عوام کو ریلیف دینا وزیراعظم کی ترجیح ہے:وزیرپٹرولیم
ریلیف پیکیج جاری رہے گا، آئل ریفائنریز نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 15 ارب کا بوجھ برداشت کیا ہے، خطے میں امن کے قیام کیلئے کوششیں بھی جاری ہیں:وزیراطلاعات
اسلام آباد (یواین پی)وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے  نئے فارمولے کے تحت پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے،عوام کو ریلیف دینا وزیراعظم کی ترجیح ہے،آئل ریفائنریز کے ساتھ  آج  نشست میں تمام امور پر گفتگو ہوگی، آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا فراہم کرنے کے قابل ہوں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے کی صورتحال کے باعث پاکستان کو معاشی اور توانائی کے شعبوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ انشورنس، لاجسٹکس اور نقل و حمل کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں جس کے اثرات پاکستانی معیشت پر مرتب ہوئے ہیں۔وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے اور خطے کی صورتحال کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ پی ایس او کے ٹینڈرز پر پریمیم میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ریفائنریز نے گزشتہ تین ماہ کے دوران اتنا منافع کمایا جو اس سے پہلے برسوں میں نہیں کمایا تھا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا  عوام کو مشکلات سے بچانا بہت بڑی کاوش ہے، عوام کو ریلیف دینا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔عطا تارڑ نے کہاکہ دنیا بھر کی طرح خطے کی صورتحال سے پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے، تاہم حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے فیول ریلیف پیکیج سے اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں جبکہ اس پیکیج کے تحت اب تک 27 ارب روپے فراہم کیے جا چکے ہیں، وزیراعظم کا ریلیف پیکیج جاری رہے گا، آئل ریفائنریز نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 15 ارب روپے کا بوجھ برداشت کیا ہے، خطے میں امن کے قیام کے لیے کوششیں بھی جاری ہیں۔