پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ میں چین کے تعاون کو سراہا گیا:اسحاق ڈار

پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ میں چین کے تعاون کو سراہا گیا:اسحاق ڈار

ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس اور سٹریٹجک ڈائیلاگ کے چھٹے دور میں پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کی۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ چین پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان کی سالمیت و خودمختاری کے تحفظ کے لیے چین کے عزم کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور خطے کے امن و خوشحالی کے لیے تعاون پر اتفاق ہوا۔چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنا قابل اعتماد اتحادی تصور کرتا ہے اور تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا رہا ہے۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی، سی پیک فیز 2، صنعت، زراعت اور مائننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا اور سیلاب متاثرین کی بحالی میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دونوں وزرائے خارجہ نے یہ بھی اتفاق کیا کہ پاک چین تعلقات نہ صرف دوطرفہ ترقی و خوشحالی کے لیے اہم ہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، اور قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ مشترکہ مفادات کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔