چین کے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں، اسحاق ڈار

چین کے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں، اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے چین کے عزم کو سراہتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات ہر دور میں اعتماد، تعاون اور باہمی احترام پر مبنی رہے ہیں، اور یہ شراکت داری وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔اسلام آباد میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد خوش آئند ہے اور ان کے ساتھ ہونے والی بات چیت نہایت مفید اور تعمیری رہی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیل سے گفتگو کی۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک سمیت پاک چین تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے قریبی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تمام اہم معاملات پر اتفاق رائے رکھتے ہیں اور اس تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ ملاقات میں وزیراعظم پاکستان کے مجوزہ دورۂ چین پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ سی پیک فیز ٹو پر کام تیز کیا جائے گا، عوامی سطح پر روابط کو فروغ دیا جائے گا اور اقتصادی و تجارتی تعاون کو نئی وسعت دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین بین الاقوامی سطح پر بھی ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے، بالخصوص سلامتی کونسل سمیت اہم عالمی فورمز پر دونوں ممالک ایک دوسرے کے مؤقف کی تائید کرتے رہیں گے۔اس موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہیں گے۔