اسحاق ڈار اور چینی سفیر کی ملاقات، بھارتی جارحیت پر اظہار تشویش

اسحاق ڈار اور چینی سفیر کی ملاقات، بھارتی جارحیت پر اظہار تشویش

اسلام آباد: وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور بھارت کی جانب سے کی جانے والی حالیہ جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں اسحاق ڈار نے چینی سفیر کو بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی بلا اشتعال خلاف ورزی اور اس کے نتیجے میں معصوم شہریوں کے جانی نقصان سے آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔فریقین نے علاقائی سلامتی کے تناظر میں باہمی اعتماد، رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے چین کی حمایت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ہر چیلنج کے وقت چین کے ساتھ کھڑا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے سیاسی، سیکیورٹی، اقتصادی اور اسٹریٹجک سطح پر تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا اور اس حوالے سے مستقبل میں بھی قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔