ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی نے صوبائی اسمبلی میں نئے اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کا اختیار پارٹی کی سیاسی کمیٹی کو منتقل کر دیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد پارٹی کی سیاسی کمیٹی مختلف ناموں پر غور کرے گی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو حتمی فہرست پیش کرے گی۔ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے اراکین کی تعداد 105 ہے، جن میں سے 5 ممکنہ امیدواروں کے نام سیاسی کمیٹی مشاورت کے بعد طے کرے گی۔ بعدازاں عمران خان ان ناموں میں سے کسی ایک کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر منتخب کریں گے۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں یہ تجویز بھی دی گئی کہ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی کو ہی اپوزیشن لیڈر بنا دیا جائے تاکہ پارٹی میں اتحاد اور تسلسل قائم رہے۔ اس تجویز کو کئی رہنماؤں کی حمایت حاصل ہوئی۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پر پنجاب اسمبلی کے 5 سینئر رہنماؤں کے نام سیاسی کمیٹی کی جانب سے ارسال کیے جائیں گے، جن میں معین قریشی، رانا آفتاب، علی امتیاز وڑائچ، میاں اعجاز شفیع، رانا شہباز اور ندیم قریشی شامل ہوسکتے ہیں۔حتمی اعلان عمران خان کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، جبکہ اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے بعد پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی حکمت عملی مزید واضح ہونے کی توقع ہے۔