پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو قومی اسمبلی میں بڑا دھچکا لگ گیا ہے، پارٹی کے تین اہم پارلیمانی عہدے — اپوزیشن لیڈر، پارلیمانی لیڈر اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر — خالی ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب، پارلیمانی لیڈر زرتاج گل اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر احمد چٹھہ کے عہدے ختم ہوگئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کا چیمبر بھی پی ٹی آئی سے واپس لے لیا گیا ہے، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کو ارکان کی نااہلی سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔اطلاعات کے مطابق اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے لیے اسپیکر اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مشاورت کا عمل دوبارہ شروع ہوگا، جس کے بعد اسپیکر نئے قائد حزب اختلاف کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ اسی طرح پی ٹی آئی کے آزاد اراکین کو نئے پارلیمانی لیڈر اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے نام بھی تجویز کرنا ہوں گے۔
عمر ایوب کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی فنانس کمیٹی سے بھی ڈی لسٹ کردیا گیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے نااہل 7 ممبران سے قومی اسمبلی کی 15 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت واپس لے لی گئی ہے۔یہ پیش رفت اُس وقت سامنے آئی ہے جب چند روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے واقعات کے مقدمات میں عمر ایوب کو سزا سنائی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز سمیت 9 اراکین پارلیمان کو نااہل قرار دیا۔