قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر پر پی ٹی آئی اور اسپیکر کے درمیان اہم ملاقات

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر پر پی ٹی آئی اور اسپیکر کے درمیان اہم ملاقات

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ عامر ڈوگر اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے عمل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو عمر ایوب کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست کے خارج ہونے کی کاپی بھی فراہم کی، تاکہ قانونی رکاوٹوں کی صورت حال واضح ہو سکے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی نے اپوزیشن لیڈر کی نشست سے متعلق دائر تمام مقدمات واپس لے لیے ہیں، اور اب قانونی لحاظ سے اپوزیشن لیڈر کی تقرری میں کوئی رکاوٹ نہیں رہی۔چیف وہپ نے اسپیکر سے اپوزیشن لیڈر کی جلد تعیناتی کی درخواست کی، جبکہ اسپیکر ایاز صادق اس معاملے پر پہلے ہی پی ٹی آئی کو چار خطوط بھیج چکے ہیں، جن میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق وضاحت طلب کی گئی تھی۔یہ ملاقات اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے عمل کو تیز کرنے اور پارلیمانی معاملات میں شفافیت یقینی بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔