فرانس کے مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر رافیل گریون لائیو اسٹریمنگ میں موت کے منہ میں جا پہنچے

فرانس کے مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر رافیل گریون لائیو اسٹریمنگ میں موت کے منہ میں جا پہنچے

فرانسیسی سوشل میڈیا انفلوئنسر اور سابق فوجی رافیل گریون، جو آن لائن جین پورمانوو یا "جے پی" کے نام سے مشہور تھے، ایک خوفناک واقعے میں 10 دن تک مسلسل جسمانی تشدد اور نیند سے محرومی کے بعد انتقال کر گئے۔

ان کی موت فرانس کے علاقے کونت میں ان کے گھر پر پیش آنے والے لائیو اسٹریمنگ شو کے دوران ہوئی، جس میں انہیں شدید اذیتیں دی گئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گریون کے ایک ملین سے زائد فالوورز تھے اور وہ خطرناک اور انتہاپسندانہ چیلنجز کرنے کی وجہ سے انٹرنیٹ پر مقبول تھے۔ اس لائیو سیشن میں انہیں بار بار جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں انتہائی مشکل چیلنجز مکمل کرنے پر مجبور کیا گیا۔ پلیٹ فارم کِک پر ان کی نشریات اچانک بند ہو گئیں جب ناظرین نے محسوس کیا کہ وہ حرکت نہیں کر رہے۔فرانسیسی حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ وزیر کلارا شاپاز نے اسے انتہائی خوفناک واقعہ قرار دیا، جبکہ بچوں کے امور کی ہائی کمشنر سارہ ایل ہیری نے کہا کہ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے اور آن لائن پلیٹ فارمز سے مطالبہ کیا کہ وہ پُرتشدد مواد پر قابو پائیں تاکہ خاص طور پر بچوں کو اس کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔