لائیو اسٹریمنگ کے دوران 6 لاکھ فالوورز والے ٹک ٹاکر کو گولیاں مار کر قتل

لائیو اسٹریمنگ کے دوران 6 لاکھ فالوورز والے ٹک ٹاکر کو گولیاں مار کر قتل

میکسیکو سٹی: میکسیکو کے معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ٹک ٹاکر سیزر گاسٹیلم کو ریاست سینالوا کے شہر کولیاکان میں لائیو اسٹریمنگ کے دوران نامعلوم حملہ آوروں نے گولیاں مار کر قتل کر دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر افسوس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیزر گاسٹیلم اپنے دو دوستوں کے ساتھ ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے باہر ویڈیو بنا رہے تھے۔ تینوں نے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز جیسی نارنجی جیکٹس اور ڈیلیوری بیگز پہن رکھے تھے، جس دوران وہ لائیو اسٹریمنگ بھی کر رہے تھے۔رپورٹس کے مطابق اسی دوران موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح افراد موقع پر پہنچے۔ ایک حملہ آور موٹرسائیکل سے اترا، سیزر کے قریب آیا اور ان پر فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے سیزر گاسٹیلم موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ریاست سینالوا کے ایک سیکیورٹی اہلکار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے اور مختلف مقامات پر ناکہ بندی بھی کی گئی ہے۔میکسیکو کی سیکیورٹی کابینہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ تفتیش کے دوران سیزر گاسٹیلم کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق ان کی بعض پوسٹس میں مبینہ طور پر ایک مجرمانہ گروہ کے دھڑوں کا ذکر موجود تھا، جس کے ممکنہ تعلق کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز، عینی شاہدین کے بیانات اور دیگر فرانزک شواہد کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، تاہم واقعے کے محرکات کے بارے میں فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔واضح رہے کہ سیزر گاسٹیلم ٹک ٹاک پر تقریباً 6 لاکھ فالوورز رکھتے تھے اور اپنی مزاحیہ ویڈیوز، روزمرہ زندگی سے متعلق دلچسپ مواد اور منفرد انداز کی وجہ سے نوجوانوں میں بے حد مقبول تھے۔ ان کی اچانک ہلاکت نے مداحوں کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔