نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی دارالحکومت دہلی کی وزیراعلی ریکھا گپتا پر بدھ کی صبح اِن کی رہائش گاہ پر منعقدہ کھلی کچہری کے دوران ایک چالیس سالہ شخص نے حملہ کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلی ریکھا گپتا کی سیکیورٹی ٹیم نے فوری طور پر حملہ آور کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، حملہ آور کی شناخت راجیش سکاریا کے نام سے ہوئی ہے جو ریاست گجرات کا رہائشی بتایا جارہا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کچھ کاغذات کے ساتھ وزیراعلی کے قریب آیا اور بات کرنے کے دوران اچانک حملہ کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلی کو فورا اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کمشنر ایس بی کے سنگھ کا اس سے متعلق کہنا ہے کہ یہ معاملہ ایک بڑی سیکیورٹی ناکامی ہے اور اس کی اعلی سطح پر تحقیقات ہوں گی۔