ممبئی (شوبز ڈیسک)بیٹی کی جانب سے فوٹوگرافرز کو نازیبا اشارے کیے جانے کے بعد آنجہانی بالی ووڈ ہدایتکار سنجے گپتا کی بیوہ نے معذرت کرلی جبکہ رازداری کی درخواست بھی کر ڈالی۔ نامور ہدایتکار سنجے گپتا کی 59 برس کی عمر میں ممبئی میں واقع اپنے گھر میں اچانک گرنے اور سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث موت واقع ہوئی۔ ان کی آخری رسومات کے موقع پر ایک ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاپارازی کی شدید بھیڑ اور ہجوم سے تنگ آ کر ان کی بیٹی نے گاڑی کے اندر سے غیر اخلاقی اشارہ کر دیا۔سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا جہاں کچھ لوگوں نے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ اکثریت نے صدمے سے ڈوبے خاندان کی رازداری کا احترام نہ کرنے پر فوٹوگرافرز کو قصوروار ٹھہرایا۔ڈائریکٹر ملاپ زویری نے سنجے گپتا کی بیوہ انورادھا لیکھی کا بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے تعزیت کرنے والوں اور شائقین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ان کے بچوں نے اچانک اپنے والد کو کھو دیا اور وہ اس ناقابلِ تلافی نقصان اور شدید صدمے سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے عوام اور میڈیا ہاسز سے التجا کی کہ بچوں کے اس ردِعمل کو ایک سوگوار اور ٹوٹے ہوئے بچے کی جذباتی کیفیت کے طور پر دیکھا جائے اور ان کی ایسی ویڈیوز کو سوشل میڈیا سے ہٹا دیا جائے تاکہ ان کے ذہنوں پر کوئی دائم نقش نہ رہے اور انہیں سکون سے غم منانے کا موقع دیا جائے۔