افغانستان : آئل ٹینکر اور بس میں تصام ‘ 17 بچوں سمیت 76 افراد جاں بحق

حادثہ  ہرات اور کابل ہائی وے پر تیز رفتاری اور ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، تصادم کے بعد بس میں آگ لگ گئی
 بس میں ایران سے واپس آنے والے افغان مہاجرین نقل مکانی کے بعد واپس کابل جا رہے تھے، سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے
کابل(آن لائن)افغانستان کے صوبے ہرات میں ٹریفک حادثے میں 17بچوں سمیت 76 افراد ہلاک ہو گئے ہیں مقامی حکام کے مطابق یہ حادثہ ہرات اور کابل کو جوڑنے والی ہائی وے پر سہ پہر  کے وقت پیش آیا ہرات میں طالبان حکومت کے اطلاعات و ثقافت کے سربراہ احمد اللہ متقی نے بتایا کہ ایران سے واپس آنے والے پناہ گزینوں کو لانے ایک بس ایک موٹر سائیکل اور پھر ایندھن لے جانے والی ایک گاڑی سے ٹکرا گئی۔احمد اللہ متقی کا کہنا ہے کہ تصادم کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس سے بس میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے‘ مرنے والوں میں 17 بچے بھی شامل ہیں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تصادم کے بعد مسافر بس میں آگ لگی ہوئی ہے اور سکیورٹی اہلکار اس پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں. نشریاتی ادارے کے مطابق حادثہ بس کی تیز رفتاری اور ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، تصادم کے بعد بس میں آگ لگ گئی، بس میں سوار تمام افراد، آئل ٹینکر میں سوار 2 اور موٹرسائیکل سوار 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ہرات حکومت کے ترجمان محمد یوسف سعیدی نے بتایا کہ بس میں ایران سے واپس آنے والے افغان مہاجرین سوار تھے جو حال نقل مکانی کے بعد واپس کابل جا رہے تھے یہ افراد ان ہزاروں افغانوں میں شامل ہیں جنہیں حالیہ مہینوں میں ایران سے زبردستی نکالا گیا یا ملک بدر کیا گیا.