اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے، تو ایران پر شدید بمباری کی جائے گی:ٹرمپ کی دھمکی

اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے، تو ایران پر شدید بمباری کی جائے گی:ٹرمپ کی دھمکی

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے امریکی وفد چند گھنٹوں میں پاکستان پہنچ جائے گا۔

نیو یارک پوسٹ کے مطابق امریکی صدر کا کہنا ہے کہ مذاکرات جاری رہنے چاہئیں اور اس وقت دونوں فریق سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگر پیش رفت ہوئی تو وہ خود بھی ایرانی قیادت سے ملاقات کے لیے تیار ہیں، تاہم ان کا مؤقف ہے کہ ایران کو اپنا جوہری پروگرام مکمل طور پر ختم کرنا ہوگا۔انہوں نے دھمکی آمیز انداز میں کہا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو ایران پر سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب ایرانی قیادت نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے مذاکرات کا کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا اور موجودہ حالات میں امریکا سنجیدہ نہیں ہے۔ ایران نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکی اقدامات اور کشیدگی کے باعث مذاکراتی عمل غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔موجودہ صورت حال میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور آئندہ 24 گھنٹے مذاکرات کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔