21 سالہ امریکی گلوکار D4vd پر 14 سالہ لڑکی کے قتل کے سنگین الزام میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے، تاہم ملزم نے عدالت میں اپنے خلاف تمام الزامات سے انکار کیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ لڑکی سیلسٹے ریواس ہرنینڈز کی لاش گزشتہ ستمبر میں گلوکار کے نام پر رجسٹرڈ گاڑی سے برآمد ہوئی تھی، جو ٹکڑوں میں اور خراب حالت میں تھی۔پراسیکیوشن کے مطابق مقدمے میں پہلے درجے کے قتل کے علاوہ کم عمر لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی اور لاش کی بے حرمتی جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔ اگر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو ملزم کو عمر قید یا سزائے موت کا سامنا ہو سکتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ عدالت کرے گی۔
لاس اینجلس کے ڈسٹرکٹ اٹارنی نیتھن ہوچمین کے مطابق سزائے موت کی درخواست پر بعد میں غور کیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی اپریل 2025 میں لاپتہ ہوئی تھی اور تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر طویل عرصے تک زیادتی کا شکار رہی۔دوسری جانب ملزم کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ بے گناہ ہے اور مقدمے میں ان کی صفائی ثابت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ D4vd کو 2022 میں اپنی موسیقی کے ذریعے شہرت ملی تھی، تاہم کیس سامنے آنے کے بعد انہوں نے اپنے تمام کنسرٹس اور دورے منسوخ کر دیے ہیں۔