لاہور سمیت کئی شہروں میں بدترین لوڈشیڈنگ‘بنوں میں رکن اسمبلی کا گرڈ سٹیشن پر دھاوا زبردستی تمام فیڈر آن کرادیئے

صوبائی دارالحکومت کے کئی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے‘ جس سے کاروبار ٹھپ ہو کررہ گئے‘امتحانات دینے والے طلبہ کو پیپرز کی تیاری میںشدید مشکلات کاسامنا
وولٹیج کی کمی بیشی سے قیمتی سامان جل گیا، شہری سڑکوں پر نکل آئے‘لاہور ہائیکورٹ میں بجلی کی بندش کے باعث عدالتی اور دفتری امور متاثر ‘ جنریٹرز کے ذریعے  سپلائی جاری رکھی گئی
لاہور‘پشاور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں )لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی  کی جانب سے طلب سے زائد بجلی کی دستیابی کے  دعوئوں کے باوجود شدید گرمی کے موسم  میں  لاہور کے متعدد علاقوں میں  بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ   کی جارہی ہے ، شدید گرمی کی لہر کے دوران گھنٹوں بجلی کی بندش اور وولٹیج کے اتار چڑھا نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی۔   شمع، گلبرگ، آئوٹ فال روڈ‘ساندہ‘چوہان روڈ  اور این ایف سی سمیت کئی گنجان آباد علاقوں کے صارفین نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے   ان علاقوں میں روزانہ 4 سے 5 گھنٹے کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس کا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا، صارفین نے شکایت کی ہے کہ بجلی آنے کی صورت میں بھی وولٹیج انتہائی کم ہوتے ہیں، جس سے پنکھے اور ائیر کنڈیشنر کام نہیں کرتے۔ رپورٹ کے مطابق  بجلی کے بار بار آنے اور جانے کی وجہ سے شہریوں کے گھروں میں موجود قیمتی برقی آلات، فریج، اے سی اور دیگر الیکٹرانک اشیا خراب اور جل رہی ہیں،لاہور ہائیکورٹ میں صبح 7 بجے سے بجلی کی بندش کے باعث عدالتی اور دفتری امور متاثر ہوگئے۔  عدالتوں میں بجلی کی فراہمی متبادل طور پر جنریٹرز کے ذریعے جاری رکھی گئی‘دریں اثناء
بنوں(آئی این پی )رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ملک راحت   بنوں میں پیسکو کے 132 کے وی کے گرڈ اسٹیشن میں گھس گئے اور  زبردستی تمام فیڈرز آن کرا دئیے۔ترجمان پیسکو کے مطابق زبردستی فیڈرز آن کرانے سے سسٹم اوورلوڈ ہوگیا، بنوں گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی