ڈیزل سبسڈی منصوبہ، کسانوں کیلئے 1ارب 60کروڑ روپے جاری

25ایکڑ تک زمین کا مالک اہل قرار، فی لٹر 150روپے سبسڈی دی جائے گی
کسان کارڈ رکھنے والے رجسٹرڈ کاشتکار ہی سبسڈی لے سکیں گے:پنجاب حکومت
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے ڈیزل سبسڈی منصوبے کے تحت کسان کارڈ ہولڈرز کیلئے 1 ارب 60 کروڑروپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق گندم کاشت کرنے والے 25ایکڑ تک اراضی کے مالک کسان سبسڈی کے اہل قرار دئیے گئے ہیں، ہرایکڑ کیلئے 10لٹر ڈیزل پر150روپے فی لٹرسبسڈی فراہم کی جائے گی۔ کسان کارڈ رکھنے والے رجسٹرڈ کاشتکار ہی سبسڈی حاصل کرسکیں گے۔واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر کسانوں کو ریلیف دینے کا وزیراعلیٰ مریم نواز نے اعلان کیا تھا، حکومتی پالیسی کے تحت کسانوں کو سبسڈی فراہم کی جائے گی، ڈیزل پر سبسڈی صرف رجسٹرڈ کسانوں کو ملے گی۔