لاہور(زیڈ این این) شہر میں روٹی کی قیمت میں ایک سے چھ روپے تک اچانک اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔مختلف علاقوں میں روٹی سرکاری نرخ 14 روپے کے بجائے 15 سے 20 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے۔ شاد باغ، سمن آباد اور اقبال ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں تنور مالکان نے ازخود قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔تنور مالکان کے مطابق ایل پی جی اور آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے، جس کی وجہ سے روٹی مہنگی کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔ صدر نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب احمد نے کہا کہ گیس کی عدم دستیابی اور ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کاروبار کو شدید متاثر کیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت کی جانب سے گیس اور آٹا مناسب نرخوں پر فراہم کیا جائے تو روٹی کی قیمت میں کمی ممکن ہے