وزیراعظم اور انڈونیشیا کے صدر کا مشرق وسطی میں بڑھتے ہوئے بحران پر گہری تشویش کا اظہار‘ امن کی بحالی اور معاملات کو معمول پر لانا انتہائی ضروری ہے:وزیراعظم کی ملائشیاکے وزیراعظم سے ٹیلیفونک گفتگو
زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے ملکی معیشت میں اہم ستون کا درجہ رکھتے ہیں، ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز میں نیلامی احسن اقدام ہے: وزیراعظم کی اجلاس میں گفتگو‘ کارکردگی کو سراہا
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف اور انڈونیشیا کے صدر ابووسوبیانتو نے مشرق وسطی میں بڑھتے ہوئے بحران پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے ایران پر اسرائیلی اور بعد میں برادر خلیجی ممالک پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے اورتمام فریقین پر زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زوردیا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمعرایت کو انڈونیشیا کے صدر عزت مآب پرابوو سوبیانتو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطی میں بڑھتے ہوئے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے ایران پر اسرائیل کے حملوں کے ساتھ ساتھ دوسرے برادر خلیجی ممالک پر بعد میں ہونے والے افسوسناک حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے انڈونیشیا کے صدر کو بحران کے تناظر میں تمام خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کی سفارتی رابطے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تمام فریقین پر زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دینے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ تمام معاملات کو تعمیری بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کے لیے مخلصانہ اور سنجیدہ اقدامات پر زور دیا۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے ایران پر اسرائیلی اور بعدمین خلیجی ممالک پر حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، دشمنی ختم کریں اور اپنے اختلافات کو سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے حل کریں۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے جمعرات کی سہ پہر ٹیلی فون پر بات کی۔ وزیراعظم پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیل کے حملوں اور برادر خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا‘دریں اثناء وزیراعظم نے کہا ہے زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے ملکی معیشت میں اہم ستون کا درجہ رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے ایگری کلچر روڈ میپ کے حوالے سے صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں سے مشاورت کا عمل مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے چین سے زرعی تحقیق کے حوالے سے تربیت حاصل کرنے والے اسکالرز سے پاکستانی زرعی شعبے میں ریفارمز کے حوالیسے مشاورت اور ان سے رابطہ رکھنے کی ہدایت بھی کی۔علاوہ ازیںشہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان اور ان کی ٹیم کو این ایچ اے کی آمدنی میں اضافے، موٹر ویز اور ہائی ویز پر حفاظتی اقدامات پر موثر عمل درآمد، سروس ایریاز کی بہتری اور دیگر اقدامات پر سراہا گیا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز میں نیلامی ایک احسن اقدام ہے ۔ موٹرویز کی مرمت کے دوران کام کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔