لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سنگل فیز میٹر استعمال کرنے والے صارفین کی جانب سے منظور شدہ لوڈ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
لیسکو نے جدید سافٹ ویئر کے ذریعے صارفین کے میٹرز کا ایم ڈی آئی (ماہانہ زیادہ سے زیادہ طلب) ریکارڈ حاصل کیا۔ اس ڈیٹا سے واضح ہوا ہے کہ بڑی تعداد میں صارفین اپنی اصل معاہدہ شدہ لوڈ سے کہیں زیادہ بجلی استعمال کر رہے ہیں، جو معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔لیسکو حکام کے مطابق، سنگل فیز میٹرز عام طور پر 1 سے 2 کلو واٹ لوڈ کے لیے دیے جاتے ہیں، لیکن متعدد صارفین اس حد سے تجاوز کر کے اضافی بجلی استعمال کر رہے ہیں۔ریڈنگ سیکشن نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تمام متعلقہ ریکارڈ مرتب کر لیا ہے۔
اس کے بعد لیسکو نے ایسے صارفین کو باضابطہ نوٹسز جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔ان نوٹسز میں صارفین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ان کے زائد استعمال پر ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا جائے گا۔ جب یہ ڈیمانڈ نوٹس صارفین ادا کرتے ہیں تو ان کے بلنگ ریکارڈ میں ان کا نیا، اپڈیٹ شدہ لوڈ شامل کر دیا جاتا ہے تاکہ آئندہ بلنگ درست اور شفاف طریقے سے کی جا سکے۔