ویب ڈیسک: اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے وکلاء رہنماؤں کی ملاقات کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے جیل حکام کو ملاقات کے لیے ناموں پر مشتمل فہرست ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے لیے بھیجی گئی فہرست میں ممتاز قانونی ماہر سلمان اکرم راجہ، سینئر وکیل نیاز اللہ نیازی اور سمیر کھوسہ کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نعیم پنجوتھا، فیصل ملک اور ظہیر عباس چوہدری کے نام بھی فہرست میں موجود ہیں۔بتایا گیا ہے کہ مذکورہ تمام وکلاء رہنما کل اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے، جو مختلف مقدمات میں اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اہلِ خانہ بھی کل جیل کا دورہ کریں گے۔ اس ملاقات کا مقصد قانونی حکمت عملی پر مشاورت اور اہلِ خانہ کی خیریت دریافت کرنا ہے۔یاد رہے کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے مخصوص ایام اور اجازت نامہ درکار ہوتا ہے، اور اس فہرست کی منظوری کے بعد ہی ملاقات ممکن ہو گی۔