جیکولین فرنینڈس اور ایلون مسک کی والدہ مائے مسک کی سدھی ونایک مندر میں مشترکہ حاضری

جیکولین فرنینڈس اور ایلون مسک کی والدہ مائے مسک کی سدھی ونایک مندر میں مشترکہ حاضری

ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے دنیا کے معروف کاروباری شخص ایلون مسک کی والدہ مائے مسک کے ہمراہ ممبئی کے مشہور سدھی ونایک مندر کا دورہ کیا۔

دونوں کی مندر میں حاضری کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ایسٹر کے موقع پر ہونے والے اس دورے میں جیکولین سنہری رنگ کے خوبصورت سوٹ میں ملبوس تھیں اور انہوں نے سر پر دوپٹہ لیا ہوا تھا۔ دوسری جانب مائے مسک نے پیلے رنگ کا پرنٹڈ سوٹ پہنا ہوا تھا۔ مندر میں دونوں کو پوجا کرتے اور پجاریوں سے آشیرواد لیتے ہوئے دیکھا گیا۔مائے مسک ان دنوں بھارت میں اپنی مشہور کتاب "A Woman Makes A Plan" کے ہندی ایڈیشن کی تقریبِ رونمائی کے لیے موجود ہیں۔ اس دورے کے دوران انہوں نے ممبئی میں اپنی 77 ویں سالگرہ بھی منائی، جس کے لیے ایک نجی تقریب منعقد کی گئی جس میں 40 سے 50 قریبی افراد شریک ہوئے۔

دورے کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے جیکولین نے کہا:"مائے کے ساتھ مندر میں آشیرواد لینا ایک روحانی اور خوبصورت تجربہ تھا۔ ان کی کتاب خواتین کی حوصلہ افزائی اور استقامت کی علامت ہے، اس نے مجھے سکھایا کہ عمر محض ایک عدد ہے، جو خوابوں اور مقاصد کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔"یہ دورہ نہ صرف دونوں شخصیات کے باہمی تعلق کو ظاہر کرتا ہے بلکہ مذہبی رواداری اور ثقافتی تبادلے کی خوبصورت مثال بھی پیش کرتا ہے۔